تفسیر نمونہ

آیت اللہ مکارم شیرازی

قرآن کی تفاسیر میں تفسیر نمونہ عصر حاضر کی اہم ترین تفسیر جو آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی کی سرپرستی میں جلیل القدر علمائے کرام کے ایک گروہ کی ۱۵ سالہ محنتوں کا ثمر ہے ۔ یہ کام اصل میں فارسی میں لکھا ہے، لیکن یہ عربی اور اردو سمیت دیگر زبانوں میں ترجمہ کیاجا چکا ہے۔ اس تفسیر کی اہم ترین خصوصیت عام فہم ہونا ہے،یعنی تفسیر کے بیان اور مطالب عام افراد اور عام قبائل کے لیے قابل فہم ہیں۔

قرآن کیونکہ زندگی کی کتاب ہے اسی لیے آیات کی تفسیر میں ادبی و عرفانی اور اسی طرح کے دیگر مسائل کی بجائے زندگی کو بنانے والے مادی، معنوی بالخصوص اجتماعی مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔اور وہ مسائل جو انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی سے زیادہ وابستہ ہیں ان پر کافی زیادہ بحث کی گئی ہے ۔ آیات میں جو مختلف عنوان بیان ہوئے ہیں ان کی مناسبت سے ہر آیت کے ذیل میں بعض موضوعات کا خلاصہ دیا گیا ہے جیسے : ربا، غلامی، خواتین کے حقوق، حج کا فلسفہ ، قمار، شراب اور سور کا گوشت حرام ہونے کا فلسفہ، اسلامی جہاد کے ارکان و اہداف، اور اسی طرح کے دوسرے موضوعات شامل ہیں۔تاکہ قارئین صرف اس کے اجمالی مطالعے سے ہی دوسری کتابوں کی طرف رجوع کرنے سے بے نیاز رہیں۔

ایسی پیچیدہ علمی اصطلاحات سے گریز کیا گیا ہے جن کی وجہ سے کتاب خاص طبقے تک محدود ہو کر رہ جاتی ہے۔البتہ ضرورت کے مطابق بعض اصطلاحات کو حاشیہ میں دے دیا گیا ہےتاکہ دانشور اور صاحب ِنظر افراد کے لیے بھی مفید ثابت ہو۔ تفسیر نمونہ میں آسان زبان اور قابل فہم انداز میں ادبی،علمی و عرفانی مطالب، قرآن کی تشریح و تبیین کے ساتھ سماجی مسائل کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ اسی سبب اس کا شمار گرانقدر علمی تفاسیر میں ہوتا ہے۔